پاکستان : (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ نے دوہری شہریت سے متعلق کیس میں وزیر داخلہ رحمن ملک سے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ طلب کر لیا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ رحمن ملک برطانیہ کے دورے پر ہیں تو وہاں سے سرٹیفیکیٹ لیتے آئیں۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ارکان پارلیمان کی دوہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ وزیر داخلہ نے دوہری شہریت سے متعلق تحریری جواب عدالت میں جمع کروا دیا ۔ رحمن ملک نے اپنے جواب میں عدالت کو بتایا کہ نو سالہ جلا وطنی میں ان کے پاس برطانوی شہریت تھی جسے انہوں نے 25 مارچ 2008 کو عوامی عہدہ سنبھالنے سے پہلے ترک کر دیا تھا۔ جلا وطنی کے دوران بھی کسی مرحلے پر پاکستانی شہریت ترک نہیں کی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے رحمن ملک سے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ طلب کر لیا۔
رحمان ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رحمن ملک برطانیہ کے دورے پر ہیں کچھ وقت دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ برطانیہ کے دورے پر ہیں تو سرٹیفیکیٹ لیتے آئیں۔ فرح ناز اصفہانی نے عدالت سے جواب داخل کروانے کے لیے وقت مانگ لیا۔ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے عدالت کو بتایا کہ فرح ناز اصفہانی کو وکیل کرنے کے لیے مہلت درکار ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت سولہ مئی تک ملتوی کر دی۔