اسلام آباد: (جیو ڈیسک) سیاستدانوں میں رقوم تقسیم کرنے سے متعلق اصغر خان کی درخواست کی سماعت آج ہو گی۔ اٹارنی جنرل مہران بینک کمیشن اور حبیب بینک کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹس کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ سابق آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ کے نئے بیان کی روشنی میں کیس کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ مرزا اسلم بیگ کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدارتی حکم پرآنے والی رقم آئی ایس آئی کے اکاؤنٹ میں آئی تھی۔ رقوم کی تقسیم کے حوالے سے ان کا کبھی کوئی تعلق نہیں رہا اور اس معاملے میں فوج کا بھی کوئی کردارنہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی اس معاملے پر ان کے تابع نہیں تھے۔ مرزا سلم بیگ نے عدالت سے استدعا کی ہے ان کے بیان کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔