اسلام آباد میں سہ فریقی مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ پر دستخط ہو گئے۔ اعلامیے کے مطابق ایران، پاکستان اورافغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔ ایوان صدر اسلام آباد میں صدر آصف علی زرداری سے افغان اور ایرانی ہم منصبوں حامد کرزئی اور محمود احمدی نژاد نے ملاقات کی جس میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی موجود تھے۔
پاکستان، ایران اور افغانستان کے سہ فریقی مذاکرات ہوئے۔ تینوں ملکوں نے اتفاق کیاکہ ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ افغانستان میں پائیدار امن کا واحد حل غیر ملکی فوج کا انخلا ہے۔
مذاکرات میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پربات چیت کی گئی۔ بعد میں تینوں ممالک کے صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جبکہ ایرانی صدر نے آئندہ سہ فریقی کانفرنس کابل میں منعقد کرنے کا اعلان کیا۔