فٹبال ٹورنامنٹ (جیوڈیسک) افریقا کپ آف نیشنز فٹبال ٹورنامنٹ میں سینیگال اور آئیوری کوسٹ کا میچ شائقین کی ہنگامہ آرائی کے سبب مکمل نہ ہوسکا۔ سینیگال کے وزیر کھیل سمیت دس شائقین زخمی ہوگئے۔ ڈاکار میں آئیوری کوسٹ اور میزبان سینیگال فٹبال ٹیم کے مابین فٹبال میچ میں ہنگامہ آرائی اس وقت شروع ہوگئی جب میزبان شائقین اپنی ٹیم کی شکست نہ دیکھ سکے اور انہوں نے حریف کھلاڑیوں اور انکے حامیوں پر دھاوا بول دیا۔
آئیوری ٹیم پر بوتلوں، کھانے پینے کی اشیا پھینکنے کے ساتھ آتش گیر مادہ بھی استعمال کیا گیا۔ اسٹیڈیم میں لگا آئیوری کوسٹ کا پرچم بھی نذر آتش کردیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے دونوں ٹیموں کو گرانڈ سے باہر نکالا۔ چالیس منٹ تک جاری تصادم کے باعث میچ ختم کردیا گیا۔ آئیوری کوسٹ کو دو صفر سے برتری حاصل رہی۔