شام ، سرکاری فورسز کی بمباری ، 5 بچوں سمیت 17 شہری جاں بحق

Syria clashes

Syria clashes

شام (جیوڈیسک) شام میں سرکاری فورسز کی باغیوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیارں سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے، شمالی صوبے ادلیب کے شہر سالکین میں سرکاری فورسز کی جیٹ طیاروں سے تازہ ترین بمباری کے نتیجے میں پانچ بچوں سمیت سترہ سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔ سرکاری فورسز کی بمباری سے اب تک سینکڑوں شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، دمشق اور الیپو میں بھی شامی فورسز اور باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ہے۔ ایک مبصر گروپ نے بتایا کہ اٹھارہ مہینوں کی خانہ جنگی میں اب تک تیس ہزار سے زائد شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اپنے ایک بیان میں شامی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ باغیوں کیخلاف کارروائی کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر بشار الاسد سے اس حوالے سے پہلے بھی ذاتی طور پر ملاقات کر چکے ہیں۔دوسری جانب شامی فورسز کی جیٹ طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں الیپو کا قدیم تاریخی بازار مکمل طور پر تباہ ہو گیا، اس بازار کو تاریخی ورثہ قرار دیا گیا تھا، جو ایک بڑا سیاحتی مقام تھا۔