عرب لیگ نے شام کی رکنیت معطل کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ تین روز کے دوران پرتشدد کارروائیاں روکنے کی مہلت دی ہے ۔ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس مراکش کے شہر رباط میں ہوا جس میں شام کی رکنیت معطل کرنے کی تصدیق کی گئی اور شام کی حکومت کو تین روز کی مہلت دیتے ہوئے پرتشدد کارروائیاں روکنے کا حکم دیا ہے۔ ایک اعلان کے مطابق عرب لیگ کے ارکان نے ماہرین کو شام پر اقتصادی پابندیوں کا مسودہ تیار کرنے کا بھی کہا ہے۔ قطر کے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ شام کو دھمکی نہیں دی جارہی مگر آٹھ مہینوں سے جاری پرتشدد کارروائیوں کو اب ختم ہوجانا چاہئے۔ تاہم رہنماں نے مہلت کے بعد کی حکمت عملی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اجلاس کے دوران شام کے وزیرخارجہ کی نشست خالی رہی۔