ایران : (جیو ڈیسک) شام کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کوفی عنان ایرانی حکام سے بات چیت کے لئے ایران پہنچ گئے، شام میں امن کی کوششوں میں پیش رفت جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ وہ اور شام کے صدر بشار الاسد شام کے بحران پر ایک نقطہ نظر پر متفق ہو گئے ہیں اور اب وہ اپوزیشن سے بھی ان کا نقطہ نظر جاننے کی کوشش کرینگے۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنی آمد کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ شام کی صورتحال پر بات چیت کے لیے دوبارہ تہران آئے ہیں۔ کوفی عنان کا کہنا تھا کہ شام کی صورتحال کے حوالے سے گذشتہ ماہ جنیوا میں ہونیوالے گروپ اجلاس میں جو سفارشات طے کی گئی تھیں اس پر غور کریں گے۔انہوں نے ایران سے مثبت کردار کی امید ظاہر کرتے ہوئے شام میں جلد امن کی خواہش ظاہر کی ۔