شام کے نائب وزیرِ تیل مستعفی ہوگئے

syria

syria

شام : ( جیو ڈیسک) شام کے نائب وزیر برائے تیل نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت مخالف تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔عبدالحسام الدین نے اپنے مستعفی ہونے کا اعلان سماجی روابط کی ویب سائٹ یو ٹیوب پر کیا۔ حکومت مخالف تحریک کے آغاز کے بعد وہ پہلے اعلی عہدیدار ہیں جنہوں نے شام کے صدر بشار الاسد کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ یو ٹیوب پر جاری کیے گئے پیغام میں حسام نے کہا ہے میں نائب وزیر برائے تیل عبدالحسام حکومت کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں اور وزیر کے عہدے اور جماعت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ پیغام میں مزید کہا گیا ہے میں حکومت مخالف تحریک میں شریک ہو رہا ہوں۔

یہ تحریک ناانصافیوں اور پرتشدد کارروائیوں کے خلاف ہے۔ اٹھاون سالہ حسام سنہ 2009 سے نائب وزیر کے عہدے پر فائز تھے۔حسام کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی وزیرِ دفاع لیون پنیٹا نے کہا ہے کہ شام میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے فوجی کارروائی سمیت کسی بھی امکان کو رد نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہی۔ لیون پنیٹا کا کہنا تھا کہ ایسے کسی بھی اقدام کا قانونی جواز واضح اور فوج کی حدود متعین ہونی چاہیئیں تاہم انہوں نے کہا کہ شام کے مسئلے کا سفارتی حل اب بھی امریکہ کی ترجیح ہے۔