کراچی : شاہ فیصل ٹائون میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل جلوسوں کے راستوں اور مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے بہتر ی کے حوالے سے مثالی انتظامات کو یقینی بنا دیا گیا ۔عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بلدیاتی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے شاہ فیصل کالونی نمبر5چورنگی میں مرکزی کنٹرول قائم کر دیا گیا۔
جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے مرکزی آفس سمیت تمام اہم شاہراہوں کو برقی قمقموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں اور استقبالیہ بینرز کے ذریعے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے انتظامات کے جائزے کے لئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی اور متعلقہ بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کا تفصیلی دورہ کرکے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر برآمد ہونے والے مرکزی جلوس اور عبادت گاہوں کے اطراف انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر جلوسوں کے روٹس اور عبادت گاہوں کے اطراف خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔
جلوسوں کے روٹس اور عبادت گاہوں کے اطراف تجاوزات ،رکاوٹوں اور ہر قسم کی گاڑیوں کی پارکنگ پر عائدپابندی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے مختلف علاقوں میں چراغاں اور جلوس کمیٹی کے منتظمین سے ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے جاری انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ نامساعد حالات اور محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے TMAشاہ فیصل نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا ہے انہوں نے منتظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر فرقہ ورانہ ہم آہنگی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کیا جائے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں ہر مذہبی تہوار کی طرح تہواروں کی عید جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عوام کو بنیادی مسائل سے پاک معاشرے اور بلدیاتی سہولیاتی کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں انہوں نے کہاکہ باہمی ٹیم ورک اور عوامی تعاون کے ذریعے شاہ فیصل ٹائون کو مستقل بنیادوں پر مسائل سے پاک شہر کا مثالی ٹائون بنا ئیں گے منتظمین کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بروقت بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے مرکزی کنٹرول روم شاہ فیصل کالونی نمبر5میں قائم کردیا گیا ہے۔
جہاں تمام محکموں کے افسران عوامی شکایت کے فوری ازالے کو ممکن بنا ئیں گے انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مرکزی جلوس کے روٹس اور عبادت گاہوں کے اطراف حفاظتی انتظامات کے پیش نظر نو پارکنگ زون قرار دے دیا گیا ہے منتظمین اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لئے انتظامیہ سے تعاون کریں۔