ایشین چیمپئن قومی ہاکی ٹیم کی پرواز شدید دھند کے باعث لاہور نہ اتر سکی اور واپس دوحہ لوٹ گئی، لاہور ایئر پورٹ پر شائقین قومی ٹیم کا انتظار کرتے رہ گئے۔ قطر ایئر ویز کی پرواز 332 کو رات ایک بجکر 50 منٹ پر لاہور میں لینڈ کرنا تھا لیکن شدید دھند کی وجہ سے پرواز کو کراچی بھیج دیا گیا۔
کراچی ایئر پورٹ پر کھلاڑیوں اور مسافروں کو اتارنے کے بجائے پرواز مسافروں سمیت چار بجکر باون منٹ پر واپس دوحہ روانہ ہو گئی۔ پرواز صبح دس بجے دوبارہ لاہور آئے گی۔ ایشین ہاکی چیمپئن ٹرافی جیتنے والی قو می ٹیم کے استقبال کیلئے لاہور ایئر پورٹ پر بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے۔
تاہم پرواز کو کراچی بھیجے جانے کے باعث وہ مایوس لوٹ گئے۔ اس دوران شائقین نے اپنے جوش و خروش کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ دوسری طرف ابوظہبی سے اتحاد ایئر لائنز کی پرواز 241 اور دوبئی سے ایمرٹس کی پرواز 622 بھی لاہور نہ اتر سکیں۔ دونوں پروازیں ابوظہبی اور دوبئی واپس چلی گئی جبکہ شدید دھند کے باعث لاہور آنے والی ایئر بلیو کی پرواز کو بھی شارجہ میں ہی روک لیا گیا۔