شدید دھند نے ایک بار پھر لاہور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، حد نظر صفر ہونے پر لاہور ایئرپورٹ اور موٹر وے کو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا جبکہ کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی مزید بڑھ گئی۔
رات گئے دھندکی شدت میں اضافے کے باعث ایئرپورٹ کو بندکرناپڑا اور لاہور جانے والی تمام پروازوں کو دوسریشہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔ آزاد کشمیر اور سکردو سمیت شمالی علاقہ جات میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
شدید سردی کے باعث ندی نالوں میں پانی بھی جم گیا۔ وادی لیپہ اور وادی نیلم کے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو کر رہ گیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں صبح سات بجے شروع ہونے والی برف باری کا سلسلہ بھی تا حال جاری ہے۔
مری میں اب تک ڈیڑھ فٹ برف پڑ چکی ہے۔ شدید سردی کی باعث سیاح ہوٹلوں تک ہی محدود ہو کر رہ گئے۔ نتھیا گلی روڈ ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ہے۔ ایبٹ آباد اوراس کے گردونواح میں گذشتہ رات سے وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، ٹھنڈیانی میں برف باری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔
سوات کے میدانی علاقوںمینگورہ، سیدوشریف، کبل، مٹہ اور بریکوٹ میں بارش اور پہاڑی علاقوں کالام، مالم جبہ، مرغزار اور میاندم میں برف باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ادھر سائبیریا سے آنے والی ہوائیں بلوچستان میں داخل ہو گئیں۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 10 سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ کراچی میں سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔