میرانشاہ (آن لائن) پاکستان کا احتجاج نظرانداز کرتے ہوئے امر یکہ نے دوسرے روز بھی 2ڈرون حملے کئے جس میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علاقے مانڑہ غربز میںامریکی جاسوس طیارے نے دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں سوار افراد کا تعلق طالبان کے حافظ گل بہادر گروپ سے تھا جو شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ سے شوال کی جانب جا رہے تھے۔ جاسوس طیارے سے دو گاڑیوں پر 4 میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں 7 جاں بحق ہوگئے۔
US drones attacks in Pakistan
مقامی ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسرا حملہ بھی شوال کے علاقے میںایک گھر پر کیا گیا جس میں 3افراد جاں بحق ہو گئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی تحصیل شوال میں ڈرون حملے میں 12 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی جس سے شدت پسندوں کا ایک مرکز تباہ ہوگیا جبکہ 6 شدت پسند جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالے شدت پسندوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے گواک اور خیبر ایجنسی کے علاقے میخا میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی جس سے 8 شدت پسند مارے گئے بمباری سے شدت پسندوں کے 2 اہم ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔