شکاگو(جیوڈیسک)آخری مباحثے کے بعد امریکی صدارتی الیکشن کی مہم تیز ہوگئی، صدراوباما نے شکاگو میں اپنا پیشگی ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے عوام مٹ رومنی کے معاشی بحالی کیدعووں پریقین نہ کریں۔
انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اوباما کا کہنا تھا کہ ری پبلکن امیدوار مٹ رومنی معاشی اصلاحات کے پروگرام کو رول بیک کرنا چاہتے ہیں جس کے منفی نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے چار سالہ دور حکومت میں امریکا نے سفارتی اور معاشی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی۔ وہ دوبارہ صدر منتخب ہو کر اپنی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
شکاگو میں خطاب کے بعد اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی،جب اوباما کی بھر پور کوشش کے باوجود ایک بچے نے ہنسنے سے انکار کر دیا۔ ہجوم میں ایک خاتون نے اپنا بچہ اوباما کو پکڑایا۔ انہوں نے اسے ہنسانے کی بہتیری کوشش کی مگر بچہ قطعا متاثر نہ ہوا اور امریکی صدر کھسیانے ہو کر رہ گئے۔