پاکستان : (جیو ڈیسک) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کی رہائی کیلئے اغواء کاروں نے تاوان کی رقم 2 ارب سے بڑھا کر 4 ارب روپے کر دی۔
سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو اغواء ہوئے 31 ہفتے گزرنے کے بعد بھی بازیابی نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق ایک مڈل مین نے شہباز تاثیر کی رہائی کیلئے ان کے اہلخانہ سے 2 ارب روپے ادا کرنے کے عوض رہائی کی بات کی تھی جس کے بعد شہباز تاثیر کی والدہ گزشتہ ہفتے پیسے دینے کیلئے گئی تھیں لیکن تاثیر خاندان کے اندر آپس میں جائیداد کے معاملے پر کیسز چل رہے تھے جس کی وجہ سے ڈیل کینسل ہوگئی تھی۔
ڈیل کینسل ہونے کی وجہ سے اغواء کاروں نے ایک دفعہ پھر اغواء برائے تاوان کی رقم بڑھا کر 4 ارب روپے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر شہباز تاثیر کی بیگم نے سماجی ویب سائٹ پر یہ پیغام دیا ہے کہ ان کے شوہر بہت بہادر اور پیار کرنے والے انسان ہیں۔ انکی رہائی کیلئے ہر ممکن مدد کی جائے۔