لاہور : (جیو ڈیسک) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا ہے کہ چودھری نثار نے پارلیمنٹ میں ترک وزیراعظم کے سامنے قوم کو تقسیم کرکے پیش کیا۔
لاہور میں پارٹی کے صوبائی دفتر میں میڈیا سے گفتگو میں امتیاز صفدر وڑائچ کاکہناتھاکہ تر ک وزیر اعظم چوہدری نثار کے چکر میں نہیں آئے تاہم نواز شریف انکے چکر میں ضرور پھنس گئے۔ انکا کہنا تھا کہ ترک وزیراعظم کی تقریر میں اپوزیشن کے لئے اصلاح کے بہت سے پہلو ہیں اور انہوں نے درست کہاکہ اپوزیشن کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ اصلاح کرنا ہوتاہے ۔ امتیاز صفدر وڑا ئچ نے کہاکہ مسلم لیگ ن وزیراعظم کو مانتی ہے نہ صدرمملکت کو حالانکہ نیٹو کانفرنس میں پوری دنیا نے آصف علی زرداری کو صدر تسلیم کیا جبکہ یوسف رضا گیلانی کو بھی پوری دنیا وزیراعظم کی حیثیت سے اعلی مقام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کو اپنا وطیرہ بدل کر جمہوریت کے خلاف سازشوں سے باز آنا چاہیے اپوزیشن کو مثبت جمہوری کردار کی طرف توجہ دینی چاہیے بعد ازاں وہ کار ریلی کی قیادت کرتے ہوئے اوکاڑہ، ساہیوال کے لئے روانہ ہو گئے۔