گورنر سندھ عشرت العباد نے صدر زرداری سے ملاقات کی جس میں کراچی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت میں ایم کیو ایم کی واپسی کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور شہر کے حالات معمول پر لانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے صدر کو کراچی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور شہر میں بدامنی کی روک تحام کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر صدر کو ایم کیو ایم کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں ایم کیو ایم مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ صدر مملکت نے کراچی میں امن و امان کی بحالی میں سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کراچی میں جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر زرداری نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم کی حکومت میں واپسی کا خیرمقدم کیا جائے گا۔