پنجاب : (جیو ڈیسک) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر زرداری کو پنجاب اور پاکستان کی عوام سے کوئی لگاؤ نہیں ۔ایک بار پھر کہتا ہوں کہ نئے وزیر اعظم بجلی کے معاملے پر کچھ نہیں کر سکتے۔لاہور میں کھلی کچہری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ بجلی عوام پر “بجلی “بن کر گر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے حوالے سے جو ظلم و زیادتی پنجاب کے ساتھ ہو رہی ہے اس کے ازالے کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا ۔ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کایکساں لوڈ شیڈنگ کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوااور نئے وزیر اعظم سے بھی کوئی توقع نہیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسوں کی وجہ سے عوام احتجاج پر مجبور ہیں ۔شہباز شریف نے ایک گھنٹہ تک کھلی کچہری میں عوام کی شکایت سنیں جن میں شکایات کی اکثریت محکمہ پولیس کے خلاف تھیں جس پر وزیر اعلی پنجاب نے آئی جی کو شکایات کے ازالے کی ہدایات جاری کیں۔