حکام کے مطابق شمالی صومالیہ میں امریکی فوج نے آپریشن کر کے دو مغوی غیر ملکی فلاحی کارکنوں کو رہا کرا لیا ہے۔حکام نے بتایا کہ رات کو کیے جانے والے آپریشن میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر استعمال ہوئے اور امریکی بحریہ کی ایک سیل ٹیم بھی شامل تھی۔ آپریشن میں قزاقوں اور امریکی فوجیوں کے بیچ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دونوں یرغمالوں کو بغیر کسی نقصان کے آزاد کرا لیا گیا۔ اس واقعے کی کوئی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔اغوا ہونے والوں میں ایک امریکی خاتون اور ڈنمارک کا ایک مرد تھے جن کو اکتوبر میں اغوا کر لیا گیا تھا۔یہ دونوں مغوی افراد ڈینش ڈیمائننگ گروپ کے لیے کام کرتے ہیں۔ اس گروپ کا کام نصب بموں کو ناکارہ بنانا اور لوگوں میں بارودی سرنگوں کے بارے میں معلومات پھیلانا ہے۔ایک مقامی اہلکار نے بتایا کہ اغوا کرنے والوں میں سے اکثر ہلاک ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کرائے گئے دونوں افراد کو یبوتی لے جایا گیا ہے۔ ان کی شناخت بتیس سالہ جیسکا بیوکینن اور ساٹھ سالہ تھسٹڈ بتائی ہے۔