کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ صومالیہ کے بحری قزاقوں کی قید سے سات پاکستانیوں کی رہائی کے لئے رقم کا بندوبست ہو گیا۔ آئندہ ہفتے یرغمالی اپنے وطن میں ہوں گے۔ گورنر ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ایم وی البیڈو پر سوار سات پاکستانیوں کی رہائی کے لئے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سخت نوٹس لیا ۔رقم کا بندوبست ہو چکا اب اگلا مرحلہ یرغمالیوں کی رہائی ہے۔
گورنر نے بتایا کہ دیگر ممالک نے یرغمالیوں کی رہائی کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے تاہم پاکستانی عوام اور حکومت نے اپنی تمام تر توجہ یرغمالیوں کی رہائی پر مرکوز کر رکھی ہے، سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے نے میڈیا کو بتایا کہ دس بارہ روز میں یرغمالی وطن وآپس آجائیں گے۔ اس موقع پر یر غمالیوں کے لواحقین بھی گورنر ہاؤس میں موجود تھے جنکا کہنا تھا کہ گورنر سندھ نے انہیں امید اور حوصلہ دیا ہے۔ صومالی قزاقوں کی قیدسے پاکستانیوں کی رہائی ایک مشکل کام تھی جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے حکومت اب پر عزم دکھائی دیتی ہے۔ یرغمالیوں اہلخانہ بھی پر نم آنکھیں لئے اپنے پیاروں کی وآپسی کے منتظر ہیں۔