اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب اور سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے، غیر سرکاری نتائج کے مطابق انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کا پلا بھاری رہا۔ اسلام آباد غیر سرکای نتائج کے مطابق این اے 107 گجرات سے ن لیگ کے امیدوار ملک حنیف 106658 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل ق لیگ کے امیدوار چودھری رحمان نصیر نے 76041 ووٹ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ چیچہ وطنی کے حلقے این اے 162 میں مسلم لیگ ن کے زاہد اقبال 75966 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
ان کے مخالف آزاد امیدوار رائے حسن نواز نے 65755 ووٹ لئے۔ پی پی 122 سیالکوٹ میں ن لیگ کے چودھری اکرم 27291 ووٹ لے کر جیت گئے۔ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ عامر نے 4797 ووٹ حاصل کر سکے۔ پی پی 226 کسووال میں ن لیگ کے حنیف جٹ نے میدان مارا۔ انہوں نے 42294 ووٹ لے کر کامیابی سیمٹی جبکہ ق لیگ کی امیدوار مسز اقبال نے 35369 ووٹ حاصل کئے۔ پی پی 133 نارووال میں ق لیگ کے امیدوار نے فتح حاصل کی۔ عمر شریف نے 29308 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار غیاث الدین نے 23044 ووٹ سمیٹے۔
پی پی 92 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے نواز چوہان 36547 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ ان کے مخالف پیپلز پارٹی کے امیدوار لالہ اسد اللہ نے 16492 ووٹ حاصل کئے۔ پی پی 26 جہلم سے آزاد امیدوار خادم حسین نے 39154 ووٹ حاصل کئے اور کامیاب قرار پائے۔ چودھری خادم حسین نے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ نواز میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں مسلم لیگی تھا اور مسلم لیگی رہوں گا۔ میں اپنی جیت کو میاں نواز شریف کے نام کرتا ہوں۔
ان کے مدمقابل آزاد امیدوار راجہ محمد افضل خان نے19044 ووٹ لئے تھے۔ پی پی 129 سیالکوٹ سے ن لیگ کے محسن اشرف 52500 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل ق لیگ کے امیدوار انصر اقبال 30400 ووٹ حاصل کر سکے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ایس 21 نوشہرو فیروز سے اس وقت تک پیپلز پارٹی کے امیدوار سرفراز شاہ 13500 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے مدمقابل نیشنل پیپلز پارٹی کے امیدوار ابرار شاہ 6300 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔