ممبئی : (جیو ڈیسک) بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ نے انہیں بے شمار خوشیاں فراہم کی ہیں۔ طویل مدت تک اپنے پسندیدہ کھیل میں ملک کی نمائندگی کرنا بہت بڑا اعزاز ہے جس نے انہیں متحمل مزاج بنادیاہے۔
حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونیوالے راہول ڈریوڈ کے اعزاز میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے ممبئی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جہاں دی وال کے نام سے مشہور بیٹسمین نے کہاکہ وہ بچپن سے کرکٹ سے عشق کرتے تھے اور اپنے ہیروز کو قریب سے دیکھنا یا انکے آٹو گراف لینا ہی انکی سب سے بڑی خواہش تھی۔پھر انہی عظیم کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔
راہول ڈریوڈ نے کہاکہ وہ اپنے تمام سینئرز کے مشکور ہیں جن کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے وہ اس مقام تک پہنچے ہیں۔راہول ڈریوڈ نے ایک سوچونسٹھ ٹیسٹ میں تیرہ ہزار دو سو اٹھاسی رنز بنائے ہیں۔