بھوجا ایئر کے بدقسمت طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے بیالیس مسافروں کی میتیں کراچی پہنچادی گئیں۔ ائیرپورٹ پر رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ حکام کے مطابق چون افراد کی میتیں کراچی لائی جائیں گی۔قومی و نجی ایئرلائنوں کے ذریعے شہیدوں کی میتوں کی کراچی منتقلی کا آپریشن جاری ہے۔ کار گو ٹرمینل پہنچنے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جاتی ہیں جہاں سے سماجی اداروں کی ایمبولینس اور رضاکار میتیں ان کے گھروں تک پہنچا رہے ہیں۔ کراچی کارگو ٹرمینل پر ماحول سوگوار ہے ۔
ہفتے کی شام ساڑھے چھ بجے اور رات نو بجے کی پروازوں سے سجادعلی ، ان کی اہلیہ ۔ عرفان ، مسرت شاہین اور ان کا بچہ ۔ غازی عبدالرحمان ، فاروق، سہیل، ائیر ہوسٹس صنم اور دیگر کی میتیں لائی گئیں۔ میتوں کو جب ورثا کے حوالے کیا گیاتو اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔۔ لواحقین ایک دوسرے سے لپٹ کر اظہارغم کرتے رہے اور خواتین اپنے پیاروں کو یاد کر کے دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں۔
بھوجا طیارے کے حادثے میں جاں بحق کو پائلٹ حماد لئیق اور ان کی والدہ طاہرہ کو کراچی کے پاپوش نگر قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا سانحہ بھوجا ایئرلائن،ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نماز جنازہ ملیر کھوکھرا پار میں ادا کردی گئی ۔ نماز جنازہ میں سماجی و مذہبی رہنماوں کیساتھ اہل علاقہ کی بڑی تعدادنے شرکت کی،نماز جنازہ میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔نوبیاہتا جوڑے سید امجد،شاہین امجد،سید رضوان،صوفیہ رضوان کو لعل شاہ قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔