برطانوی نشریاتی ادارے کے سروے کے مطابق دنیا کے اکثر ممالک کی عوام نے فلسطینیوں کے لیے آزاد ریاست کے قیام کے حمایت کی ہے۔ اس سروے میں انیس ممالک کے بیس ہزار چار سو چھیالیس شہریوں نے حصہ لیا۔ قرارداد کے حق میں رائے دینے والوں کی اکثریت فلسطین کے ہمسایہ ملک مصر میں تھی جہاں نوے فیصد افراد اس کی حمایت کی جبکہ ترکی میں ساٹھ فیصد، پاکستان میں باون فیصد اور انڈونیشیا میں اکاون فیصد عوام نے قرارداد کی حمایت کی۔ ان تمام ممالک میں جہاں سروے کیا گیا، انچاس فیصد افراد نے اس قرارداد کی حمایت میں اپنی رائے دی جبکہ اکیس فیصد نے کہا کہ ان کی متعلقہ حکومتوں کو اس کی مخالفت کرنی چاہیے جبکہ ایک بڑا تناسب یعنی تیس فیصد ایسا تھا جس نے کہا کہ یہ حالات پر منحصر ہے کہ ان کی حکومتوں کو اپنے ووٹ کا حق استعمال نہیں کرنا چاہیے یا پھر یہ لوگ نہیں جانتے کہ ان کی حکومتوں کو کیا کرنا چاہیے۔