عالمی برادری پینتیس لاکھ افغان مہاجرین کو بھول گئی۔ وزیراعظم

Yousuf Raza Gilani

Yousuf Raza Gilani

وزیراعظم گیلانی نے کہا ہے عالمی برادری پاکستان میں مقیم پینتیس لاکھ افغان مہاجرین کو بھول گئی، ان کی واپسی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ آسٹریلوی شہرپرتھ میں دولت مشترکہ کے اجلاس کے دوران پولیو کی صورتحال پر پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم گیلانی نے کہا افغان مہاجرین کے کیمپ پاکستان کے بجائے افغانستان میں قائم ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا قبائلی علاقوں میں انسداد پولیو مہم میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ پولیو ویکسی نیشن کی کامیابی کیلئے علما سے بھی مدد لے رہے ہیں۔ پولیو کے خاتمے کیلئے ہر تین ماہ بعد قطرے پلائے جاتے ہیں۔
حکومت نے رواں برس کے آخر تک پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا سرحد کے دونوں جانب شدت پسندوں کی کارروائی روکنا ہوگی۔ پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کرنا ہوگی۔ آسٹریلوی وزیراعظم جولیا گیلارڈ نے کہا کہ افغانستان کو دوبارہ شدت پسندوں کی آماج گاہ نہیں بننے دیئے جائے گا۔ انخلا کے بعد بھی افغان تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے۔ پریس کانفرنس میں کینیڈا کے وزیراعظم اور نائیجیریا کے صدر نے بھی اظہار خیال کیا۔