پاکستان : (جیو ڈیسک) سکول ٹیچر کو انصاف فراہم کرنے کی پاداش میں وفاقی حکومت نے ڈی پی او سرگودھا ڈاکٹر رضوان کا تبادلہ ایک بار پھر بلوچستان کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ نے سکول ٹیچر نفیس خان پرسرعام تشدد کرکے اس کی دونوں ٹانگیں توڑ دی تھیں۔
سرگودھا کے ڈی پی او ڈاکٹر رضوان نے اسکول ٹیچر نفیس خان کو انصاف کیا فراہم کیا وفاقی حکومت کمر کس کر سامنے آ گئی پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ کی گرفتاری کے بعد پانچ مارچ کو ڈاکٹر رضوان کو گلگت بلتستان تبدیل کر دیا گیا سپریم کورٹ نے تبادلے کا ازخود نوٹس لے کر اٹھائیس مارچ کو کیس کی سماعت کی۔ اس وقت کے اٹارنی جنرل مولوی انوارلحق نے عدالت کو بتایا کہ ڈی پی او ڈاکٹر رضوان کے تبادلے کے احکامات بارہ مارچ کو واپس لے لئے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ آ ئندہ کسی سرکاری افسر کا سیاسی بنیاد پر تبادلہ نہ کیا جائے گا لیکن ایک بار پھر وفاقی حکومت نے ڈی پی او سرگودھا کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں بلوچستان تبدیل کر دیا ہے ڈی پی او سرگودھا کے دوبارہ تبادلے پر شہریوں نے احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔