کراچی ایک ارب روپے کے واجبات کی نادہندہ ہونے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو تین دن میں ایئرپورٹ ہوٹل خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ پی آئی اے کے زیر انتظام ایئرپورٹ ہوٹل کراچی ایئرپورٹ پر واقع ہے۔سی اے اے ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ ہوٹل سے بے دخلی کا نوٹس پبلک اکانٹس کمیٹی کی ہدایت پر جاری کیا گیا۔ پی آئی اے نے 2001 سے ایئرپورٹ ہوٹل کی مد میں سی اے اے کو ایک ارب روپے کے واجبات ادا نہیں کئے ہیں۔پی آئی اے ایئرپورٹ ہوٹل میں بھارت ، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے اپنے ٹرانزٹ مسافروں کو ٹھیراتی ہے ، ادھر پی آئی اے زرائع کا کہنا ہے کہ بے دخلی کا نوٹس مل گیا ہے ، لیکن ایئرپورٹ ہوٹل فوری خالی نہیں کرسکتے ، اس بارے میں حکومت سے رابطہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ایئرپورٹ ہوٹل کے ملازمین اپنی ملازمتوں کے بارے میں سخت پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ماضی میں ایسے ہی ایک نوٹس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی پی آئی اے سے کراچی کا ہوٹل مڈوے ہاس واپس لے چکی ہے جبکہ اس کے سیکڑوں ملازم آج تک اپنے واجبات کی وصولی کیلئے پریشان ہیں۔