شانگلہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کو سنجیدہ سیاستدان نہیں سمجھتے، جو بھی وزیرستان جاتا ہے اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان شانگلہ کے علاقے بشام میں اسلام زندہ آباد کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں اسلام کیخلاف سازشیں کر رہی ہیں اور جمعیت علمائے اسلام تنہا ان قوتوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو سور اخلاص نہیں آتی وہ اسلام آباد میں قبضہ کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر حاصل ہونے والے ملک میں مغربی قوانین نہیں چلنے دیں گے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کی آڑ میں وقت گزاری ہورہی ہے۔