مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ کرپشن اور بد انتظامی ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے جسے اقتدار میں آتے ہی جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کی مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس پارٹی سربراہ میاں نواز شریف کے زیر صدارات ہوا جس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ مانیٹرنگ کمیٹی نے نواز شریف کو ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں رپورٹس بھی پیش کیں۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام ہماری کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے اور انشااللہ کامیابی مسلم لیگ ن کا مقدر ہو گی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ اقتدار میں آتے ہی اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الیکشن میں کرپٹ اور ناہل لوگوں کو مسترد کر دینگے۔ پاکستان کو ایک جدید اور ترقی یافتہ ملک بنانا مسلم لیگ (ن) کا عزم ہے۔ ملک میں ترقی اور خوشحالی کا انقلاب لائینگے جبکہ عوامی مسائل جنگی بنیادوں پر حل کئے جائینگے۔ اس موقع پر اجلاس میں مانیٹرنگ کمیٹی نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے میاں نواز شریف کو رپورٹ بھی پیش کی۔