کراچی : صوبائی وزیر ماحولیات شیخ محمد افضل ،حق پرست رکن صوبائی اسمبلی سندھ معین عامر پیر زادہ، محمد علیم الرحمن ،ایڈمنسٹریٹر و چیف آفیسر کورنگی ٹائون محمد سمیع خان کی زیر صدارت12 ربیع الاول کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ان کے ہمراہ ٹائون آفیسر انفراطارق مغل ، ٹائون آفیسر ریگولیشن عامرزئی بھی موجود تھے صوبائی وزیر ماحولیات شیخ محمد افضل نے اجلا س کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول پر امن وامان برقرار رکھنے اور مذہبی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام مطلوبہ اقدامات قبل از وقت مکمل کر لئے جائیں تاکہ مذہبی اجتماع اور 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے تحفظ کیلئے بھی فول پروف پلان تیار کیا جائے۔
انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں شر پسند عناصر پر کڑ ی نگاہ رکھیںاور شر انگیز تقریروں سے اجتناب کریں انہوں نے مزید کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین بھائی کی ہدایت پر عمل پیرا ہیں عوام کے درمیان رہ کر ان کی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنارہے ہیںحق پرست رکن صوبائی اسمبلی سندھ معین عامر پیر زادہ نے کہا کہ ہم تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کا رلاکر تمام شکایت کا ازالہ کرنے میں شب وروز مصروف عمل ہیں یہ ہمارا فرض ہے کہ 12 ربیع الاول پر جلوسوں کی گذر گاہوں اور نعت خوانی کے پروگرام کے مقامات پر تمام بلدیاتی سہولیات فراہمی کو ممکن بنارہے ہیں۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی محمد علیم الرحمن نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین بھائی کی ہدایت کے مطابق آپس میں ہم آہنگی کو بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ حق پرست قیادت 12 ربیع الاول کے نکلنے والے جلوسوں میں اپنی موجودگی یقینی بناتی ہے اس موقع پرایڈمنسٹریٹر کورنگی ٹائون محمدسمیع خان نے کہا 12 ربیع الاول کے سلسلے میں تما م تر دستیاب وسائل برئوے کار لاکر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور عوام کے تعاون کے ذریعے بھائی چارگی کو فروغ دے کر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔
اجلاس میں جماعت اہلسنت، سنی تحریک ، انجمن نوجوان اسلام، مجلس درس پاکستان ممبران انجمن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، واٹر اینڈ سیوریج کے افسران ،ٹریفک پولیس کے افسران ،امن کمیٹی لانڈھی کورنگی کے ممبران اور ٹائون کے محکمہ جاتی افسران نے شرکت کی ایڈمنسٹریٹر کورنگی ٹائون محمدسمیع خان نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی ٹائون میں جلوس کے روٹس کے اطراف صفائی ستھرائی ، چونے کا چھڑکائو، جراثیم کش ادویات کا اسپرے، روشنی کے انتظامات اور سڑکوں کی تعمیر ومر مت کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور تما م مین ہولز پر ڈھکن لگائے جائے تاکہ جلوس میں شریک زائرین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
ایڈمنسٹریٹر کورنگی ٹائون محمد سمیع خان نے کہا کہ کورنگی ٹائون کی جانب سے 12 ربیع الاول والے دن کورنگی نمبر2½ پر سبیل اور ٹائون کی جانب سے خوشبو کا اسپرے بھی کیا جائیگا انہوں نے مذید کہا کہ موجودہ صورتحال کے تحت اپنے قرب وجوار میں مشتنبہ اور نئے چہروں پر کڑی نگاہ رکھیں ربیع الاول کے دوران کورنگی ٹائون میں کنٹرول روم جس کا نمبر 5070568 ہے جوکہ 24 گھنٹے فعال رہے گا۔