عید سے قبل ہی گجرات شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے

گجرات (جی پی آئی) عید سے قبل ہی گجرات شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے ، اور شہر گندے پانی میں ڈوب گیا ، تفصیلات کے مطابق گڈگورننس کے دعوے دار پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی کی بدولت ٹی ایم اے گجرات شہر سے گندگی کا خاتمہ کرنے اور نکاسی آب کا نظام درست کرنے میں ایسے ہی ناکام ہو چکی ہے ، جس طرح سیاسی جماعتیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں گزشتہ 64سالوں سے ناکام ہوتے آ رہے ہیں ، ٹی ایم اے افسران کے دعوے میڈیا کے آگے ختم نہیں ہوتے۔

اگر شہر کا سروے کیا جائے تو شہر بھر میں جگہ جگہ گندگی کے انبار لگے ہوئے ہیں ، گلی کوچوں میں گندا پانی نکاسی آب کا نظام درست نہ ہونے کی وجہ سے کھڑا ہے ، شہر بھر میں مچھروں کی وجہ سے مختلف وبائی امراض پھیلے ہوئے ہیں ، سرکاری ادارے ہیں کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے سب اچھا کی رٹ لگائے ہوئے ہے، قاسم پورہ ، ریلوے روڈ ، فیروزآباد ، سرگودھا روڈ ، پرنس چوک ، فیض آباد، شاہدولہ روڈ و دیگر علاقے ٹی ایم اے کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، عوامی شکایات پر ٹی ایم اے افسران اور ملازمین کسی بھی قسم کا ایکشن لینے کو تیار نہیں عوام نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گجرات میںبھی گڈ گورننس کے قیام کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔