عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر علاقائی مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لایا جائے۔ نشاط ضیاء قادری
کراچی (محمد ارشد) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا چیف آفیسر کمال مصطفی کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے جاری انتظامات کے معائنے کے لئے شاہ فیصل ٹاؤن کی مختلف یونین کونسل کا تفصیلی دورہ ، ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل ٹاؤن کے تمام محکموں کوعید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر عوام کو علاقائی مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنانے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشیں اور وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس کا مکمل سروے کرکے روٹس پر قائم تمام رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے۔
عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں کے روٹس ،مساجد و امام بارگاہوں اور محافل میلاد کی اجتماع گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی روشنی کے انتظامات اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے علاوہ فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی جامعہ مسجد قادریہ شاہ فیصل کالونی نمبر5 جہاں سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر 12 ربیع الاول کا جلوس برآمد ہوگا جلوس کے انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر منتظمین سے ملاقات کی اور ان سے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس اور چراغاں کے حوالے سے انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنائیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل ٹاؤن کی حدود میں جاری علاقائی ترقیاتی کاموں خصوصاً فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں کی تنصیب اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ جلوسوں کے روٹس کو مکمل طور پر کلیئر کیا جائے۔
اس موقع پر محکمہ انسداد تجاوزات سیل کو ہدایت کی کہ مساجد و امام بارگاہوں ،جلوسوں کے روٹس اور محافل میلاد کی اجتماع گاہوں کے اطراف مکمل نو پارکنگ زون قائم کیا جائے تمام تر رکاوٹوں اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور پارکنگ کے متبادل انتظامات کئے جائیں ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹاؤن کمال مصطفی نے منتظمین کو یقین دلایا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر شاہ فیصل ٹائون میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مسائل سے پاک ماحول کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔