غربت کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو مل کر عملی جدوجہد کرنی ہو گی: مس کیرولائن
Posted on April 15, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات : غربت کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو مل کر عملی جدوجہد کرنی ہو گی اور پاکستان کے خلاف عالمی پراپیگنڈہ کا جواب دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار ووڈ کرافٹ فوک شیفیلڈ کی چیئرپرسن مس کیرولائن نے لالہ موسیٰ کے نواحی گائوں ٹھیکریاں میں برکس کلن ورکرز چلڈرن سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مسٹر کیرن ‘ مزدور راہنما پیر زادہ امتیاز سید ‘ عرفان صفی’ شیخ نوازش علی ایڈووکیٹ’ ای ڈی او لٹریسی چوہدری نواز’ ڈی او لیبر ملک ریاض’ ضیاء سید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی قوانین بھی موجود ہیں جبکہ دین اسلام اور قرآن پاک کی تعلیمات بھی ہمیں انسانی خدمت کرنے کا درس دیتی ہے لیکن پھر بھی ہم عملی اقدامات کرنے سے گریزاں ہیں۔ جس کی وجہ سے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور جس کی سب سے بڑی وجہ غربت ہے بھٹہ خشت انڈسٹری سمیت صنعتی شعبہ میں بھی چائلڈ لیبر اور بانڈڈ لیبر کا روز بروز بڑھنا انتہائی تشویشناک ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کی حکومت سیاسی جماعتیں’ اور ادارے انسانی حقوق پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ ووڈکرافٹ پاکستان میں بچوں کے حقوق اور خصوصاً تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے کی خواہش مند ہے اس سلسلہ میں آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے اشتراک سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اور اس سلسلہ میں تحصیل کھاریاں کا انتخاب کر کے فری تعلیم کے لئے سکول کا آج افتتاح کر دیا گیا ہے۔ ہم سب کو ملکر غلط رسم و رواج کا خاتمہ کرنا ہو گا اور اپنا معاشرہ بہتر بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہو گا۔