کابل : (جیو ڈیسک) ملا عمر نے افغانستان کی سر زمین پر غیر ملکی افواج کی موجودگی تک افغان صدر حامد کرزائی سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ افغان طالبان کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکہ کے ساتھ قطر میں ہونے والے مذاکرات معطل کر دئیے گئے ہیں کیونکہ امریکہ نے قطر میں افغان طالبان کا دفتر کھولنے اور قیدیوں کی رہائی سے متعلق کیے گئے وعدوں سے انحراف کیا، اب جب تک امریکہ اپنے وعدے پورے نہیں کرتا مذاکرات کا عمل معطل رہے گا۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغان صدر حامد کرزائی سے کوئی مذاکرات نہیں ہوئے اور آئندہ بھی کرنا بے مقصد ہوگا۔
افغانستان میں غیرملکی افواج کے مکمل انخلا تک کوئی جنگ بندی نہیں کریں گے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ مذاکرات کے عمل کے لئے تیار ہیں۔ پڑوسی ممالک سے اپیل کی ہے کہ غیرملکی افواج کو افغانستان سے نکالنے میں مدد کریں۔