فلاح نسواں کی جد و جہد میں بیگم باجی کا نام سنہرے حروفوں میں لکھا جائے گا ، اکرم خاتون
Posted on October 21, 2012 By Geo Urdu کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹ)مفاد نسواں ٹرسٹ کی سرپرست اعلیٰ اور فرسٹ ویمن بنک کی پہلی سربراہ اکرم خاتون نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ کائنات بہت خوبصورت بنائی ہے اسے مزید خوبصورت بنا نے کے لئے اللہ رب العزت نے کچھ ایسے لوگوں کو تخلیق کیا جو ہمیشہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مفاد نسواں ٹرسٹ کی بانی ضیاء اختر (بیگم باجی )مرحومہ کی یاد میں مفاد نسواں ٹرسٹ کے ہیڈ کوارٹر شاہ فیصل کالونی میں منعقدہ تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا تعزیتی جلسہ کو چیئر مین انفاق فائونڈیشن صالح نقوی،منیجنگ ٹرسٹی مفاد نسواں شاکرہ ذکی ،صدر روٹری کلب سی ویو عالم ہاشمی،پرنسپل کورنگی اکیڈمی صبیحہ قیصر ،پرنسپل سیکریٹری مسز توصیف انوار اور پروگرام کورڈینٹر اعجاز علی نے بھی اپنے خطاب میں بیگم باجی کی جدو جہد سے بھر پور زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔
اس موقع پر شہر کی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیات ،علاقہ معززین ،و عمائدین اور طلباء و طالبات اور اساتذہ بھی موجود تھے تقریب سے اپنے خطاب میں اکرم خاتون نے کہاکہ ضیاء اختر بیگم باجی کا شمار ایسے لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی فلاح انسانیت اور خاص کر فلاح نسواں کے لئے وقف کررکھی تھی انہوں نے بیگم باجی کی زندگی پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ضیاء اختر (بیگم باجی) 1932ء میں ہندوستان کے شہر ڈبائی میں پیدا ہوئیں قیام پاکستان کے بعد کراچی تشریف لائیں تو نوزائید ملک میں مسائل کے انبار تھے ہندوستان سے آنے والے افراد زیادہ تر پڑحے لکھے تھے جنہوں نے قیام پاکستان کے بعد ملک کی ترقی کے لئے شبانہ روز کوششیں شروع کردیں ۔
اسی ایام میں خواتین کے مسائل کو دیکھتے ہوئے 1953 میں ضیاء اختر (بیگم باجی ) نے انفرادی طور پر عورتوں کے مسائل حل کرنے کا بیڑا اُٹھایا اور عورتوں کے مسائل کے حل خصوصاً بچیوں اور بچوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے محلے کے بچوں کو تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا اور 25دسمبر1957کو دیگر خواتین کے ساتھ مل کر باقاعدہ انجمن مفاد نسواں کی بنیاد رکھی یہ ادارہ جو محلے کی سطح پر قائم ہوا تھا بیگم باجی کی محنت ،لگن ،جدو جہد اور علاقے کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے پھیلتا چلا گیا۔
بیگم باجی اور اُن کی ٹیم کی جدو جہد کی وجہ سے آج مفاد نسواں ٹرسٹ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونی دنیا بھی کسی تعرف کا محتاج نہیں ہے اکرم خاتون نے کہاکہ بیگم باجی نے اپنا زندگی سے مفاد نسواں ٹرسٹ کی ابیاری کی ہے آج مفاد نسواں ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والی اداروں سے فارغ التحصیل پاکستان کے اہم منصب پر فائض ہیں بلکہ بیرون دنیا بھی نہ صرف اپنا بلکہ مفاد نسواں ٹرسٹ کا نام روشن کررہے ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضیاء اختر (بیگم باجی )کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے خواتین کو باختیار ،جہالت کا خاتمہ اور فلاحی معاشرے کے قیام کو یقینی بنا یا جائے گا انہوں نے کہاکہ آج الحمد اللہ ضیاء اختر (بیگم باجی)کے لگائے ہوئے پودے ،مفاد نسواں ٹرسٹ کے زیر انتظام شہر کے مختلف علاقوں میں سلائی کڑاہی مرکز،ڈسپنسریاں ،انگلش لینگویج سینٹر، اسکول اور تعلیم بالغان مراکز کام کر رہے ہیں ۔
خواتین حقوق کی جد و جہد میں اپنی ساری زندگی وقف کرنے والی ضیاء اختر(بیگم باجی)کی یاد میں منعقدہ تعزیتی جلسے میں انفاق فائونڈیشن کی جانب سے ہر سال ضیاء اختر (بیگم باجی) بیسٹ اسٹوڈینٹس ایوار ڈ کا اعلان کیا گیا اور مفاد نسواں ٹرسٹ کی جانب سے اکرم خاتون نے ضیاء اختر (بیگم باجی) بیسٹ ٹیچر اور بیسٹ اسٹوڈینٹس دینے کا اعلان بھی کیا گیا ۔