لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ و ماڈل عمائمہ ملک نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں نے پاکستان فلم انڈسٹری کی باگ ڈور سنبھال لی ہے۔
اب انٹرنیشنل مارکیٹ تک پاکستانی فلموں کو لے جانے کے راستے صاف دکھائی دیتے ہیں۔ مختلف موضوعات پر بننے والی جدید ٹیکنالوجی کی فلموں کے باعث جہاں پاکستانی سینما گھر آباد ہو رہے ہیں، وہیں بیرون ممالک بسنے والی پاکستانی کمیونٹی اب اپنی فلمیں دیکھنا چاہتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی سے فلمسازی کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ بہت سے نوجوان فلم میکرز اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس پروفیشن میں آرہے ہیں جب کہ فلمی دنیا میں بہت سے نوجوان فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتیں متعارف کروانے کا موقع مل رہا ہے۔ اب فارمولا فلموں کا دورختم ہوچکاہے اورشائقین فلم ایک ہی اسٹارکاسٹ کی فلمیں دیکھنے کے بجائے نئے چہرے دیکھ کر انٹرٹین ہو رہے ہیں۔
اسی لیے گزشتہ چند برسوں میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلموں کو زبردست رسپانس ملا ہے۔ بالی ووڈاسٹارزکی فلموں کی نمائش کے باوجود پاکستانی فلموں کا بزنس بہترین رہا ہے، جوبہت ہی خوش آئند بات ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری نے ترقی کی راہ پرقدم رکھ دیا ہے اورجس طرح سے ہمارے باصلاحیت نوجوان فلم میکرز مختلف اور مشکل موضوعات کا انتخاب کرکے فلمیں بنا رہے ہیں، وہ دن دور نہیں ہیں کہ جب انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانی فلموں کی ڈیمانڈ پڑوسی ملک بھارت میں بننے والی فلموں سے زیادہ ہوگی۔ اس وقت ہماری فلموں کے موضوع، کہانی، کیمرہ ورک اور دیگر تکنیکی کام ہر لحاظ سے انٹرنیشنل معیار کی فلموں کے عین مطابق ہے۔
یہ تبدیلی پاکستان فلم انڈسٹری اور اس سے وابستہ تمام لوگوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔ اسی وجہ سے اب ہمارے ویران سینما گھر آباد ہو رہے ہیں بلکہ ملک بھر میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سینما گھروں کی تعمیر کا عمل بھی تیز ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آنے والے چند برسوں میں پاکستان میں پاکستانی فلمیں ہی کامیابی اور بہترین کاروبار کی ضمانت ہوا کریں گی۔