نیویارک(جیوڈیسک)اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے آپریشن پر مبنی فلم “زیرو ڈارک تھرٹی”مزید تنازعات کی زد میں آ گئی، امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے فلم ڈائریکٹر اور سی آئی اے کے درمیان رابطے کی تفصیلات مانگ لیں۔
دنیا کا “موسٹ وانٹڈ” شخص اسامہ بن لادن جسے مئی دو ہزار گیارہ میں امریکی آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا۔ ہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر کیتھرین بِگلو نے اس کی روپوشی سے ہلاکت تک کے عرصے کو ڈرامائی انداز میں فلم “زیرو ڈارک تھرٹی” میں پیش کیا ہے۔
تین سینیٹروں نے سی آئی اے کے قائم مقام ڈائریکٹر مائیکل موریل کو خط لکھا ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سی آئی اے نے فلم ساز کو غلط معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ان تمام دستاویزات کی نقول دی جائیں جو فلمساز کو سی آئی اے نے فراہم کی ہیں۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ فلم کی کہانی سرکاری بیانات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ فلم امریکا میں گیارہ جنوری کو نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔