فلم کاسابلانکا کا پیانو 29 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوگیا

Piano

Piano

نیویارک (جیوڈیسک) 1940ء کی دہائی کی مشہور امریکی فلم ’کاسابلانکا‘ میں استعمال کیا جانے والا ایک پیانو نیویارک میں 29 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوا ہے۔

یہ پیانو اس فلم سے وابستہ ان 30 اشیاء میں شامل تھا جنھیں مین ہٹن میں نیلام گھر بانمز میں ہونے والی نیلامی میں فروخت کیا گیا۔ فلم میں پیانو نواز ڈولی ولسن نے یہ پیانو بجاتے ہوئے اداکار ہمفرے بوگارٹ اور انگرڈ برگمین کے لئے ’ایز ٹائم گوز بائی‘ نامی گیت گایا تھا۔

نیلام کیا جانے والا پیانو فلم میں استعمال کئے جانے والے دو پیانو میں سے ایک تھا اور اس کے مالک لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر گیری میلان تھے۔ مراکش کے ساحلی شہر کاسابلانکا پر بنائی جانے والی اس فلم نے تین آسکر ایوارڈ جیتے تھے اور فلم میں یہ پیانو کئی اہم مناظر کا حصہ رہا تھا۔

فلم کے ایک مشہور منظر میں ہمفرے بوگارٹ غیر قانونی دستاویزات چھپانے کے لئے بھی اسی پیانو کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ دستاویزات بھی اسی نیلامی میں ایک لاکھ ڈالرز سے زیادہ رقم میں نیلام ہوئی ہیں۔

امریکی فلم انسٹیٹیوٹ نے ’کاسابلانکا‘ کو تاریخ کی دوسری بہترین امریکی فلم قرار دیا ہے۔ اس فہرست میں پہلا مقام ’سٹیزن کین‘ کو حاصل ہے۔