فین انڈسٹری کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے حکومت ہر ممکن سہولت دیگی : چودھری پرویزالٰہی

گجرات(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما ونائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان میں انڈسٹری کی ترقی اور فروغ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، گجرات کی شان الیکٹرک فین انڈسٹری کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ برآمدات میں اضافہ سے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی زرمبادلہ کمایا جائے۔ وہ گجرات میں پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے سالانہ جنرل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

جس میں ایسوسی ایشن کے چیئرمین منظور سرور راٹھور کے علاوہ دیگر عہدیداروں اور سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں آمد پر چودھری پرویزالٰہی کا نہایت پرجوش استقبال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 80 فیصد الیکٹرک انڈسٹری گجرات میں ہے جو قیمتی زرمبادلہ کما کر ملک کو دے رہی ہے، لاکھوں لوگوں کا روزگار اس صنعت سے وابستہ ہے، صنعت کی ترقی کیلئے ہمیں اعلیٰ معیار اور جدید ٹیکنالوجی دونوں پر بھرپور توجہ دینا ضروری ہے تاکہ ہم عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعت میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کیلئے گجرات میں 45 کروڑ روپے کی لاگت سے فین ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ بنایا جائے گا جس میں 25 کروڑ روپے کی بہترین انٹرنیشنل لیول کی لیب بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے انشاء اللہ پاکستانی انڈسٹری کئی ممالک سے بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے پنکھے بنانے چاہئیں جو کم سے کم بجلی استعمال کریں۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ اس صنعت کی ترقی اور مسائل کے حل میں تعاون ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے آپ کے مسائل کے حل کیلئے ہماری حکومت، ہم سے اور میری وزارت سے جو کچھ ممکن ہوا میں وہ سب کچھ کرنے کا آپ کو یقین دلاتا ہوں، ہمیں اپنے پنکھوں کی گھریلو اور صنعتی دونوں شعبوں میں برآمدات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہو گا تاکہ نہ صرف ہماری اس صنعت سے وابستہ فنکاروں، تاجروں اور محنت کشوں کو فائدہ پہنچے بلکہ ملک کو بھی قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں گجرات کی شان اور پہچان الیکٹرانک فین انڈسٹری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

گجرات اور اہل گجرات کی خدمت اور ان کی ترقی و خوشحالی ہمیشہ سے میری، میرے بزرگوں اور میرے خاندان کی اولین ترجیح رہی ہے، گجرات میں صنعتوں کے فروغ اور ترقی کیلئے میری وزارت اعلیٰ کے دور میں صرف گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ کی بہتری کیلئے کروڑوں روپے دئیے گئے، 237 ایکڑ رقبہ پر محیط اس انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے صرف ایک سال یعنی 2007ء میں 18 کروڑ روپے کے فنڈز دئیے گئے۔ تقریب میں شیخ خاور رفیق، سید تجمل حسین، فیصل افضل، گل پرویز بٹ، منظور سرور راٹھور، ملک صفدر حسین ، ضیاء سید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا اور فین انڈسٹری میں جدت، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں شیلڈیں اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔