اسپین : (جیو ڈیسک) راجر فیڈرر اور رافیل نڈال میڈرڈ ماسٹر اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ راجر فیڈرر نے میلوس رانک اور نڈال نے نیکولے ڈیوی ڈینکو کو شکست دی۔ میڈرڈ میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے دوسرے راؤنڈ میچ میں سوئٹزر لینڈ کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار راجر فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینیڈا کے کھلاڑی میلوس رانک کو سخت مقابلے کے بعد 4-6، 7-5 اور 7-6 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔
ایک اور میچ میں ہسپانوی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر دو رافیل نڈال نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے روس کے نیکولے ڈیوی ڈینکو کو با آسانی 6-2 اور 6-2 سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔