قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر جان دینے کو تیار ہیں، جنرل علامہ عارف حسین
Posted on January 14, 2013 By Noman Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد(جی پی آئی)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کوئٹہ روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات آج شام تک تسلیم نہ کئے گئے تو پورے ملک کو جام کردینگے، دہشت گردی کی انتہاء ہوچکی ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر جان دینے کو تیار ہیں۔
ہمارا خون اتنا سستا نہیں جتنا دہشتگردوں نے سمجھ رکھا ہے ، حکمران بے حس و بے بس ہوچکے ہیں، قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے، نااہل وزیراعلیٰ کو فی الفور بر طرف کر کے کوئٹہ شہر کو فوج کے حوالے کیا جائے، اگر آج شام ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پھر شہدائے کوئٹہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پورے ملک کو جام کرتے ہوئے پاکستان میں بسنے والی پوری ملت جعفریہ کو کوئٹہ کی طرف مارچ کرنے کی اپیل کرین گے۔
اور ایسا تاریخی احتجاج کرین گے جس سے ایوان ہائے اقتدار ہل جائینگے۔ علامہ عارف واحدی نے کہا کہ دہشت گردی اور لاقانونیت اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے مگر ریاست کے ذمہ داران ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ متاثرہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ ملک کی سلامتی اور بقاء ہمیں عزیز تر ہے لیکن ملک کے اندر ہم پر ہی عرصہ حیات تنگ کردیا گیا۔
اور ملک کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے ملک میں عوام پیاروں کے لاشے اٹھا اٹھاکر تھک چکے ہیںانہوں نے مزید کہا کہ ایسی گھمبیر صورت حال اور نازک حالات میں یکجہتی کونسل کوئٹہ کے تمام تر جائز اور اصولی مطالبات کو بلاتاخیر تسلیم کیا جانا ہی درپیش مسئلہ کا حل ہے لہذا کوئٹہ شہر کو فوری طور پر فوج کے حوالے کیا جائے اگر ریاست کے ذمہ داروں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پور ے ملک کے عوام سڑکوں پر ہوں گے اور ملک کو جام کر دیں گے