بھارت سے تجارتی اداروں کے درمیان تعاون اور تاجروں کی مشکلات حل کرنے کے سمجھوتے اور آرٹس کونسلوں کے درمیان تعاون کا ایم او یو شامل ہیں۔
قائم مقام صدر نیئر حسین بخاری نے بھارت کے ساتھ تین سمجھوتوں اور ایک ایم او یو جبکہ سری لنکا کے ساتھ ایک معاہدے کی توثیق کردی ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق ان میں بھارت کے ساتھ کسٹم امور میں باہمی تعاون و معاونت، پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) اور بھارت کے بیورو آف انڈین سٹینڈرڈ ( بی آئی ایس ) کے درمیان تعاون جبکہ بھارت اور پاکستان کے تاجروں کی مشکلات کے حل کے سمجھوتے شامل ہیں جن پر پاکستان اور بھارت کے تجارت کے سیکرٹریوں کے درمیان ستمبر میں بات چیت کے بعد دستخط کئے گئے تھے۔
قائم مقام صدر نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اور بھارتی کونسل برائے ثقافتی تعلقات کے درمیان ثقافتی تعاون کے ایم او یو کی بھی تصدیق کر دی ہے جس پر بھارتی وزیر خارجہ کے آٹھ ستمبر کو دورہ پاکستان میں دستخط کئے گئے تھے۔
کابینہ پہلے ہی اکتیس اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں ان سمجھوتوں کی منظوری دے چکی ہے۔ وزارت خارجہ نے وزیراعظم کو ان کی توثیق کی سمری بھیجی تھی جس پر وزیراعظم کی ایڈوائز پر قائم مقام صدر نے تینوں سمجھوتوں اور ایک ایم او یو کی توثیق پر دستخط کر دیئے ہیں۔
دوسری جانب قائم مقام صدر سید نیئر حسین بخاری نے میڈیا کے شعبے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کر دی ہے جس پر سری لنکا کے صدر کے فروری میں دورے کے دوران دستخط کئے گئے تھے۔ کابینہ نے 26 جون کو اس کی منظوری دی تھی جبکہ قائم مقام صدر نے وزیراعظم کی ایڈوائز پر اس کی توثیق پر دستخط کر دیئے ہیں۔