صومالیہ (جیوڈیسک)صومالی قذاقوں کی قید سے رہائی پانے والے سات پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔ سرزمین پاک پہنچنے پر ان افراد نے سجدہ ریز ہوکر اپنے رب کا شکر ادا کیا۔ وزیر اعلی اور گورنر سندھ نے ان افراد کا استقبال کیا۔
صومالیہ کے بحری قذاقوں کی قید سے تقریبا اکیس ماہ بعد رہائی پانے والے بحری جہاز ایم وی البیڈو کے عملے کے سات پاکستانی دبئی سے رات ساڑھے نو بجے کراچی ایئر پورٹ پہنچے۔
ان افراد نے سرزمین پاک پہنچتے ہی سجدہ ریز ہوکر اپنے رب کا شکر ادا کیا۔ خوشی چہروں سے عیاں تھی ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلی قائم علی شاہ نے انکا ایئر پورٹ جاکر استقبال کیا۔
میڈیا سے بات چیت میں رہا پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ انہیں نئی زندگی مل گئی. اس موقع پر سی پی ایل سی چیف احمد چنائے کا کہنا تھا کہ قوم کی دعاوں ،صدر اور گورنر سندھ کی کوششوں سے رہائی ممکن ہوئی۔
بعد ازاں رہائی پانے والے ان ساتوں افراد کو ایک قافلے کی صورت میں گورنرہائوس لے جایا گیا جہاں ان کے پیارے نم آنکھوں سے ان کے منتطر تھے۔
رہا ہونے والوں میں جہاز کے کیپٹن جاوید ،چیف آفیسر مجتبی ، تھرڈ آفیسر راحیل ، سی مین نوید ،سی مین فقیر محمد ، سی مین کاشف اور فورتھ انجینیئر ذوالفقار علی شامل ہیں۔