اے این پی کے رہنما اسفندیار ولی نے قومی اسمبلی میں حکومت کے حق میں قرارداد پیش کردی ہے۔ قرارداد پر رائے شماری پیر کو کرائی جائے گی۔ اے این پی کے سربراہ نے قرارداد پڑھ کر سناتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کے لئے سیاسی قیادت کی کوششوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے جمہوریت ناگزیر ہے۔ پارلیمان عوام کی نمائندہ ہے۔ اس کی بالا دستی قائم رہنی چاہیے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ حکومت اور پارلیمنٹ کو سپورٹ کرتے رہیں گے۔ مسائل کے حل کیلئے مضبوط وفاق ضروری ہے۔ تمام ادارے آئین کے ماتحت کام کریں۔ تاہم وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ وزارت عظمی کی مدت کم کرنی ہے تو اپوزیشن آئین میں ترمیم کر لے، اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت نہیں مصیبت آئی تو عوام کے پاس جائیں گے کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این آراو کی حمایت،ادروں سے تصادم یا سیاسی شہید ہونے نہیں آئے۔ حکومت برطرف کی گئی تو یہ کسی کے حق میں نہیں ہوگا۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثارکا کہنا ہے کہ حکومت کے خاتمے کیلئے آئینی طریقہ اپنائیں گے۔ ادھر سینئر تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ قو می اسمبلی کے اجلاس میں وزیرا عظم نے اراکین قومی اسمبلی کو مل کر مسائل حل کر نے کا پیغام دیا ہے۔ ذرائع سے گفتگو کر تے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ قرار دادبعض ترامیم کے بعد متفقہ طور پر منظور ہو جائے گی کیونکہ اس کا متن آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق ہے۔