لاہور ہاکی انڈیا لیگ میں شرکت کیلئے بھارت جانے والے قومی ہاکی ٹیم کے نو کھلاڑی لیگ کھیلے بغیر وطن واپس پہنچ گئے۔ بھارت میں لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت کشیدگی کے بعد ہندو انتہاپسند تنظیم شیوسینا کی جانب سے کھلاڑیوں کو دھمکیاں دی گئی تھیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے شفقت رسول ، فرید احمد ،محمد توصیف ، رضوان جونیئر ،رضوان سینئر، عمران بٹ ، محمد عرفان اور راشد محمود لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ جبکہ ایک کھلاڑی کاشف محمود واہگہ کے راستے واپس آئے۔
ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ بھارت میں حالات بہتر نہیں تھے اور انھیں دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ بھارتی حکومت کی جانب سے سکیورٹی دی گئی تاہم بعد ازاں فیصلہ ہوا کہ اس صورت حال میں کھلاڑیوں کا واپس جانا ہی بہتر ہے۔