لائن آف کنٹرول : (جیو ڈیسک)لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز نے ایک بار پھربلا اشتعال فائرنگ کردی۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی سنگین خلاف ورزی آج بھی جاری ہے۔ عسکری حکام کے مطابق بھارتی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے آبادی اوراملاک کو نقصان پہنچا۔بھارتی فوج نے علی الصبح مدار پور اور بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جبکہ گزشتہ روز بھی اسی سیکٹر میں بھارتی فوج نے فائرنگ کی تھی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے آبادی اوراملاک کو نقصان پہنچا۔
پاک فوج کے سیکٹر کمانڈر کی طرف سے فوری طور پر فلیگ میٹنگ بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ بھارتی فورسز کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزی ایسے موقع پر ہوئی ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کے معاملات میں واضح پیش رفت ہو رہی ہے۔
چند روز پہلے پاکستان اور بھارت کے سیکریٹریز دفاع نے سیاچن کے معاملے پر راولپنڈی میں دو روز تک مذاکرات بھی کیے تھے۔