لاہور میں دوا ساز کمپنی کی عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد انیس ہوچکی ہے ریسکیو آپریشن کو 24 گھنٹہ سے زیادہ کا وقت ہوچکا ہے جبکہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ فیکٹری میں گزشتہ روز 62 افراد ڈیوٹی پر موجود تھے جن میں سے 14 کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا تھا۔انیس لاشیں نکالے جانے کے بعد خدشہ ہے کہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کانقشہ نہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جسے 48 گھنٹوں میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔دوا ساز کمپنی کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ فیکٹری مینجر کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔