لاہورکی حبریں 28.01.2013
Posted on January 29, 2013 By Noman Webmaster لاہور
چودھری شجاعت حسین نے 68 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید اور چودھری شفاعت حسین بھی موجود تھے۔ خواتین ارکان اسمبلی ثمینہ خاور حیات، آمنہ الفت، خدیجہ فاروقی، ماجدہ زیدی، ڈاکٹر سامعہ امجد اور مسلم لیگی رہنمائوں کنول نسیم، عزیزہ سعید، ریحانہ جمیل، سمیعہ طارق، تبسم ناز، تمکین آفتاب، رخسانہ مہر، نادرہ، مہہ جبیں، آمنہ حیات، رابعہ رحمن، شمیم، لبنیٰ طارق، فاطمہ ملہی، شگفتہ اور ریحانہ شیخ نے چودھری شجاعت حسین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور گلدستے پیش کیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کی ضامن ہے:ثمینہ خالد گھرکی
لاہور( جی پی آئی) وفاقی وزیر و پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور پیپلز پارٹی لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کی ضامن ہے اور جنوبی پنجا ب کے عوام کو بھی یہی جماعت حقوق فراہم کررہی ہے ،ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام جو آواز بلندکررہے ہیں اس پر ہم نے توجہ دی ہے ان کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں ، اس حوالے سے پیپلزپارٹی کی کاوش سب کے سامنے ہے،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے مطالبا ت تسلیم کئے ہیں اور جمہوری اقدار کی بالادستی کے لئے کام کیا ہے، پوری دنیا نے دیکھا اسلام آباد دھرنے کے موقع پر پیپلز پارٹی نے جمہوری طرز عمل اختیار کرکے ثابت کردیا ہے یہ جماعت مکالمہ بازی اور جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
عام انتخاب سے قبل متنازعہ گورنرز تبدیل کئے جائیں:چوہدری عبدالغفور خاں
لاہور( جی پی آئی ) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ عام انتخاب سے قبل متنازعہ گورنرز تبدیل کئے جائیں،ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ گورنرز کی سیاسی سرگرمیاں غیر آئینی ہیں ان کا نوٹس لیا جانا چاہیے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تمام صوبوں کے گورنرز تبدیل کرکے ہی شفاف الیکشن کاانعقاد ممکن ہوسکتا ہے، پیپلزپارٹی کی لوٹ مار کے خلاف ملک کی اہم جماعتیں کھڑی ہوجائیں ،اس قوم سے بہت مذاق ہوچکا اور اب مزید مذاق نہیں ہونا چاہیے، ملک بچانے کے لئے ہمارے کارکنان تیار ہیں ،پیپلزپارٹی لوٹ مار پارٹی بن چکی ہے اس کا اب عوام سے کوئی تعلق نہیں رہا،یہ ٹھگوں کاٹولہ ہے جو پھر انتخاب میں کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے مگر اسے اب کامیابی نہیں ملے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خسرہ کے مرض کی روک تھا م کیلئے محکمہ صحت کے افسران کو دن رات کا م کرنا ہوگا
لاہور(جی پی آئی)خسرہ کے مرض کی روک تھام، سرویلنس اور کیس رپورٹنگ کے سسٹم کو مزید بہتر بنانے اور بروقت کیس رسپانس کیلئے محکمہ صحت کے افسران کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دن رات کام کرنا ہوگاـ یہ بات سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب بابر حیات تارڑ نے آج محکمہ صحت کے کمیٹی روم میں خسرہ کی روک تھام بارے چیف سیکرٹری کی میٹنگ کے بعد فالو اپ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہیـ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت (اسٹیبلشمنٹ)اسفند یار خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ(ویکٹر بارن ڈیزیز)ڈاکٹر جعفر الیاس، ای ڈی او (صحت) لاہور ڈاکٹر انعام الحق، پراونشل کوآرڈینیٹر لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام ڈاکٹر اختر رشید ملک، ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ (ہیڈ کوارٹر) ڈاکٹر عتیق الرحمٰن، ڈاکٹر سلمان شاہد اور دیگر افسران نے شرکت کیـ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر انعام الحق نے لاہور میں خسرہ کی صدرتحال کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دیـ سپیشل سیکرٹری نے بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے معمول کے پروگرام (EPI)کومزید بہتر بنانے، روٹین ایمونائزیشن کی خامیوں کو دور کرنے ، خسرہ کے کیس رپورٹ ہونے والے علاقوں میں کیس رسپانس اور موپ اپ(Mopup)مہم کو زیادہ موثر بنانے کی ہدایت کیـ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجا ب کی زیر صدارت خسرہ کی روک تھام کیلئے ہونے والی کمشنرز کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے اور سرویلنس، کیس رپورٹنگ کو مزید بہتر بنایاجائے تاکہ اس بیماریوں سے متاثرہ مریض بچوں کا مکمل ڈیٹا تیار کیا جاسکےـ انہوں نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں خسرہ کے مریضوں کے علاج معالجہ کے خصوصی اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہنگائی اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے معیشت تباہ اور عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ بدترین مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ مہنگائی کو ختم کرنے کے لئے حکومت نے بلندوبانگ دعوے کیے لیکن عوام کو پھر بھی ریلیف نہیں مل سکا۔ پٹرول،سی این جی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ایک طرف ظالمانہ لوڈ شیڈنگ نے معیشت کو تباہ اورعوام کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے جبکہ دوسری جانب روز مرہ کی اشیاء ضرورت آٹا،گھی،دال،چاول،چینی،سبزیاں،فروٹ سب کچھ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔زندگی گزارنا مشکل ہوگیا ہے لوگ خودکشیاں کررہے ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے روٹی،کپڑا اور مکان کا دلفریب نعرہ لگا کر عوام کو بے وقوف بنایا اور سبز باغ دکھا کر اقتدار پر قبضہ کیا۔ اس کے بعد عوام پر مہنگائی،غربت،بیروزگاری اور بدامنی کے بار بار بم گرائے ۔اس وقت ملک کی40فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبو رہے۔آئی
ایم ایف اور ورلڈ بنک نے ہماری معیشت پر قدغن لگا رکھی ہے اور اسے اپنے ظالمانہ شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔مہنگائی کی ایک بڑی وجہ حکمرانو ں کی شاہانہ اور بے جا اخراجات ہیں جوکہ کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ایوان صدر اور وزیر اعظم ہا ئوس نے بے جا اخراجات کرنے کے اگلے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت پچھلے قرض اتارنے کی بجائے نئے قرض لیے جارہی ہے۔ملک میں سالانہ اربوں روپے کی کرپشن لمحہ فکریہ ہے۔کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرچکی ہے اور یہ ملکی وسائل کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے اور قومی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی اور بے روز گاری کو فوری طور پرختم کیاجائے۔تمام معاف کرائے گئے قرضے اور بیرون ملک منتقل کی گئی رقم واپس لائی جائے۔بجلی،گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔اشیاء خوردو نوش کو عام آدمی کی دسترس میں لایا جائے۔ایوان صدر اور وزیر اعظم ہائوس اور تمام وزراء شاہانہ اخراجات کو ختم کریں، سادگی اپنائیں اور اسے عوام میں فروغ دیں۔دہشت گردی کی جنگ پر بلین ڈالرز خرچ ہوچکے ہیں فوراً اس جنگ سے باہر آنے کا اعلان کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کو سیاسی ،معاشی،اخلاقی اور مذہبی طور پر ایک سازش کے تحت کمزور کیا جا رہا ہے: مولانا مجاہد عبدالرسول
لاہور(جی پی آئی) پاکستان سنی تحریک لاہور ڈویژن کے صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی ،معاشی،اخلاقی اور مذہبی طور پر ایک سازش کے تحت کمزور کیا جا رہا ہے۔اسلام اور پاکستان کے دشمن پا کستان کو ایک ناکام ریاست بنانا چا ہتے ہیں۔ملک میں جا ری ہر طرح کا فساد خواہ وہ مذہبی ہو سیاسی ،جمہوری ہو یا فوجی اس کی صرف ایک ہی وجہ ہے کہ دشمن پا کستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سر حدوں کو کھو کھلا کرنا چا ہتا ہے۔کوئٹہ،پشاور اورکراچی میں جاری خو نی فسادات کو ایک مخصو ص وقت میں ایک مخصو ص گروہ ہوا دیتا ہے آئندہ الیکشن کو ہر حال میں بروقت ہی کروانا ہو گا ۔ تمام سیاسی جما عتوں کی ذمہ
داری ہے کہ وہ ملک میں امن و امان قا ئم رکھنے جمہوریت کورواں رکھنے اور برادشت کے عمل کو پروان چڑھانے میں ملک وقوم کی مکمل رہنما ئی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی آفس داتا دربار میںاہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اُنہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے زبا نی جمع خرچ پر قوم کو اعتماد نہیں رہا۔موجودہ حکمران عوام میں امن و امان ،ملکی معیشت ،سیاسی اور مذہبی قدروں کا تحفظ کرنے میں ناکام ر ہے ہیں۔ان موجود ہ حالات میں حکمران حکومت کر نے کا اپنا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔اس موقع پر لاہور سٹی کے صدر محمد طاہر قادری، محمد نواز قادری ، حافظ محمد رمضان قادری بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے الیکشن کمیشن کی حفاظت وحمایت کے لیے پارلیمنٹ کے باہر مسلم لیگ (ن) کے دھرنے میں شرکت کااعلان کردیا
لاہور ( جی پی آئی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے الیکشن کمیشن کی حفاظت وحمایت کے لیے پارلیمنٹ کے باہر مسلم لیگ (ن) کے دھرنے میں شرکت کااعلان کیا ہے۔ مرکزی دفتر میں کابینہ کے ارکان کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی حفاظت وحمایت کے لیے ہر جگہ آواز اٹھائیں گے وہ خود کو تنہا اور کمزور محسوس نہ کرے۔سندھ میں حلقہ بندیوں اور ووٹوں کی تصدیق کے بارے میں الیکشن کمیشن کو مکمل آزادی کے ساتھ کام نہیں کرنے دیا جارہا۔ سیاسی جماعتیں حکومت کو الیکشن کمیشن میں مداخلت کرنے نہیں دیں گی۔ حکومت الیکشن کمیشن کا امیج خراب اور آنیوالے الیکشن کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا نہ کرے۔ قومی ادارے کو سیاسی مفادات کی جنگ میں ملوث کرنے سے نقصان ریاست اور عوام کا ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ بھی اس موقع پر الیکشن کمیشن کی تقویت کیلئے مضبوطی کیلئے اسکے ساتھ کھڑی ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
منصورہ میں دفاع پاکستان کونسل کا سربراہی اجلاس ،مولانا سمیع الحق کی میڈیا کو بریفنگ
لاہور(جی پی آئی)دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ دفاع پاکستان کونسل عوام کی نمائندہ جماعتوں کا اتحاد ہے ۔ وزیراعظم سمیت نگران سیٹ اپ میں ہم سے بھی مشورہ کیا اور اعتماد میں لیا جائے ۔ دو قومی نظریے اور پاکستان کی بنیاد کے مخالف کسی شخص کو نگران وزیراعظم بنایا گیا تو سخت مزاحمت کریں گے ۔ دفاع پاکستان کونسل کراچی سمیت پورے ملک میں امن وامان دیکھنا چاہتی ہے ۔ قیام امن کے لیے ہم نے کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کی لیکن الطاف حسین نے کانفرنس میں شامل قائدین کے خلاف نازیبا اور گالم گلوچ کی زبان استعمال کی ، شاید ہماری امن کی خواہش الطاف حسین کے ایجنڈے سے متصادم ہے ۔ 3 مارچ کو کراچی میں امن مارچ کریں گے ۔ ہم کسی کی خواہش پر کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے ۔ الطاف حسین کراچی میں امن کے قیام اور ملکی استحکام کے لیے ہمارا ساتھ دیں ۔ قوم 5 فروری کو کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منائے ۔ دفاع پاکستان کونسل 4 فروری کو مظفر آباد میں آزادیٔ کشمیر کے لیے ” یکجہتی کشمیر ” اور 5 فروری کو لاہور میں نیلا گنبد تا مسجد شہدا مارچ اور جلسہ عام منعقد کرے گی ۔ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اس سے بھلائی کی توقع رکھنا اور دوست سمجھنا بدترین دھوکا ہے جو امریکی اشارے پر حکمران قوم کو دے رہے ہیں ۔ حکمرانوں نے غلامانہ روش نہ بدلی تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ہونے والے دفاع پاکستان کو نسل کے سربراہی اجلاس کے بعد امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن ، جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید ، جماعت اہلسنت کے امیرعلامہ محمد احمد لدھیانوی ، لیاقت بلوچ ، جنرل (ر) حمید گل ، مولانا طاہر اشرفی ، سردار عتیق احمد خان و دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ حکمرانوں کی بزدلی نے بھارت کو شیر بنادیاہے اور اسے پاکستان پر حملہ کرنے اور بارڈر پر کاروائیوں کا موقع مل رہاہے ۔ ہم نے بار ہا حکمرانوں کو سمجھانے اور بھارت کا خونخوار چہرہ دکھانے کی کوشش کی لیکن حکمرانوں نے ہماری کسی بات پر دھیان نہیں دیا اور بھارتی وزیر داخلہ اور سیکرٹری خارجہ کے بیانات نے ہمارے خدشات کی تصدیق کر دی ہے لیکن بھارتی وزیراعظم وزیر داخلہ کے انکشافات اور ہندو انتہا پسندی کاپردہ چاک کرنے کے باوجود ہمارے حکمران ہٹ دھرمی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہو ںنے کہاکہ بھارت کو خواب میں بھی حافظ محمد سعید نظر آتے ہیں ۔ وہ ہزاروں لوگوں کے لانگ مارچ میں ہمارے ساتھ واہگہ بارڈر تک گئے لیکن بھارت نے رٹ لگا رکھی ہے کہ وہ بارڈر پر آ کر کاروائیاں کرواتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 60 پاکستانی مسلمانوں کو زندہ
جلایا گیا، آئے روز بھارت میں ہندو انتہا پسند مسلمانوں کا قتل عام کرتے ہیں ، بھارت کے دو وزراء کے بھارت میں دہشتگرد تنظیموں کے اقرار کے باوجود ہماری وزیر خارجہ کہتی ہیں ”یہ بھارت کا اندرونی معاملہ ہے” انہو ں نے کہاکہ ہمارے حکمران بھارت کے ظلم و زیادتی کے باوجود اسے موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کے لیے بے تاب ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔مولانا سمیع الحق نے کہاکہ اگر امریکہ خطے میں امن چاہتاہے اور واقعی اپنے دعوے میں سچاہے تو فوراً خطے سے نکل جائے اور ڈرون حملے بند کردے ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے پور ی دنیا میں جنگ کی پالیسی واپس لے لی ہے لیکن اوباما نے پاکستان پر ڈرون حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ امریکی موجودگی ہی در اصل خطے میں بدامنی اور دہشتگردی کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ دفاع پاکستان کونسل کسی اندرونی یا بیرونی سازش کے ذریعے انتخابات کو ملتوی کرنے کا موقع نہیں دے گی ۔ ملکی استحکام کے لیے انتخابات کا بروقت اور صاف و شفا ف ہونا ضروری ہے ۔ اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی متنازعہ ، مخدوش شخصیت والے اور دو قومی نظریہ کے مخالف عبوری وزیراعظم کو ہر قبول نہیں کیا جائے گا ۔ اگر حکومت ایم کیو ایم ، اے این پی اور عوامی تحریک جیسی پارٹیوں سے عبوری سیٹ اپ پر مشاورت کرسکتی ہے تو 40 سے زائد قومی جماعتوں کے اتحاد دفاع پاکستان کونسل سے کیوں مشورہ نہیں کرتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ عوامی مطالبہ ہے:لیاقت بلوچ
لاہور(جی پی آئی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ عوامی مطالبہ ہے ۔ اٹھارویں اور بیسویں آئینی ترامیم کے موقع پر عوامی مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی لیکن اب پی پی پی اور حکمران جماعتیں پانچ سال کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے عوام کو دھوکا دینے کی کوش کر رہی ہیں ۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے وسیع سیاسی مشاورت اور پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیز میں اتفاق رائے پیدا کرنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جمہوری ذمہ داری ہے لیکن اس امر پر توجہ دینے کی بجائے نئے صوبوں کے مطالبات کو متنازعہ اور ناقابل عمل بنانے کی عملی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی مفادات اور قومی وحدت و یکجہتی نظر انداز نہیں ہونی چاہیے ۔ لیاقت بلوچ
نے کہاکہ ملک نئے انتخابات کی دہلیز پر پہنچ چکاہے ۔ حکمران پانچ سالہ کارکردگی کے لیے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں ۔ حکمرانوں کو معلوم ہے کہ ان کی مدت اقتدار میں عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی ، بے حیائی کے عذاب سہنا پڑے ہیں ۔ تیل، بجلی ، گیس ، سی این جی کے بحران عوام ، صنعت ، تجارت اور زراعت کے لیے زہر قاتل ثابت ہوا ہے ۔ روٹی کپڑا مکان کے دعوے داروں نے عوام سے جینے کا حق چھینا ہے اور اب عوامی انتقام کے خوف سے شاطرانہ چالیں چل رہے ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری اب آئین کے مطابق اقدامات کریں ، آئین کے مطابق مرکز اور صوبوں میں عبوری حکومتیں قائم کی جائیں اور بلاتاخیر عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ۔ کراچی میں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد کی بجائے ووٹر لسٹوں کی درستگی اور حلقہ بندیوں کے لیے ماضی سے زیادہ بدترین مداخلت کی جارہی ہے ۔ ایم کیو ایم الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ کے احکامات کی پابندی کی بجائے غنڈہ گردی اور زبردستی کا راج قائم کر رہی ہے ۔ تمام ادارے بے بس ہیں یا مجرمانہ غفلت کا رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں ۔ کراچی ، بلوچستان اور فاٹا میں امن یقینی بنایا جائے تاکہ عوام آزاد مرضی سے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں۔