لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ جعلی چیک کے قانون کا غلط استعمال کیا جارہا ہے جس سے کر پشن بڑھ رہی ہے، سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں تین رکنی بنچ کی سربراہی کرتے ہوئے بوگس چیک کیس کے ایک ملزم غلام مرتضی کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران فاضل چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بوگس چیک کیس میں تین سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے، ملزم غلام مرتضی آٹھ ماہ قید کاٹ چکا ہے مگر ابھی تک اس کا ٹرائل ہی مکمل نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت نمٹا دی ۔ ملزم غلام مرتضی پر دس لاکھ روپے کا جعلی چیک دینے کا الزام تھا۔