لاہور(جیوڈیسک)وزارت داخلہ نے رینٹل پاور کیس میں ملوث پینتیس افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرکے ملک بھر کی سرحدی چیک پوسٹوں اور ایئرپورٹس کو فہرست جاری کر دی۔ فہرست میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق سیکریٹری سلمان صدیق کا نام شامل نہیں ہے۔
رینٹل پاورکیس میں وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کی جانے فہرست میں شامل پینتیس افراد کے پاسپورٹ منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور انہیں پاسپورٹ تجدید کرانے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ جبکہ کوئی فضائی کمپنی انہیں غیر ملکی سفر کے لئے ٹکٹ بھی جاری نہیں کر سکے گی۔ امیگریشن حکام کو وزارت داخلہ نے ہدایات دی ہیں کہ فہرست میں شامل افراد کے نام امیگریشن کاٹنرز پر اویزاں کریں۔
وزارت داخلہ نے ان افراد سے ملتے جلتے ناموں سے بچنے کے لئے ان کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبرز بھی ای سی ایل میں شامل کر دیئے ہیں تاکہ امیگریشن حکام کو انہیں پہچاننے میں مشکل نہ پیش ائے۔ اہم بات یہ ہے کہ ای سی ایل میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق سیکریٹری خزانہ سلمان صدیق کا نام شامل نہیں۔
یہ فہرست نیب حکام کے بار بار احکات کے بعد جاری کی گئی ہے۔ جن افراد کے پاس پاسورٹ موجود ہیں ان کے پاسپورٹ نمبرز بھی امیگریشن کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں فیڈ کر دیئے گئے ہیں۔امیگریشن حکام کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ فہرست میں شامل کوئی شخص بیرون ملک گیا تو سخت کاروائی کی جائے گی۔