لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں گھریلو جھگڑے اور لین کے تنازع پر فائرنگ سے دو خواتین سمیت چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مناواں میں ملزم نا صر اپنی بیوی رفیعہ کو منانے کے لئے سسرال گیا۔دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہو گئی۔
ناصر نے طیش میں آ کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر رفیعہ ،اس کی ماں ساجدہ اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طورپر گنگارام ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں رفیعہ اور ساجدہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئیں۔تھانہ مناواں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے پستول برآمد کر لیا۔
دوسری جانب قیصر کرائے پر لی گئی موٹر سائیکل واپس کرنے کیلئے آصف کی دکان پر گیا ،، جہاں پیسوں کے معاملے پر جھگڑا ہو گیا۔ دونوں نے گولیاں مار کر ایک دوسرے کی جان لے لی۔پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردیں ۔